327

سویڈن میں والبوری کا تہوار اور موسم بہار Valborg i Sverige

سویڈش والبوری جسے انگلش میں والپرگیئس نائٹ Walpurgis night بھی کہا جاتا ہے۔ اس تہوار کا نام
آٹھویں صدی عیسوی میں انگلش عیسائی پادری خاتون سینٹ والپرگا کے نام پر رکھا گیا ہے۔ اس تہوار میں مذہب کا کوئی عمل دخل نہیں ہے بلکہ یہ خاص طور پر موسم بہار کو خوش آمدید کہنے کیلئے منایا جاتا ہے۔ یہ تہوار یورپ کے بہت سے ملکوں میں خصوصا ہالینڈ، جرمنی، چیک ریپبلک، سلووینیا، سویڈن، لیتھوانیا، لٹویا، فن لینڈ اور اسٹونیا میں 30 اپریل کی رات کو منایا جاتا ہے۔ اس میں لمبے اور انتہائی سرد موسم سرما کو خدا حافظ اور موسم بہار کو خوش آمدید کہا جاتا ہے۔

جرمنی میں مقامی لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ 30 اپریل کی رات کو چڑیلیں شمالی جرمنی کے بروکن پہاڑ پر اکھٹی ہوتیں ہیں۔ جہاں وہ شیطان کے ساتھ تقریبات کا آغاز کرتیں ہیں اور موسم بہار کا انتظار کرتی ہیں جو اگلے دن یکم مئی کی رات کو شروع ہونا ہوتا ہے۔

سویڈن میں والبوری کا یہ تہوار ہر شہر، قصبے، اور گاؤں میں 30 اپریل کی شام کو منایا جاتا ہے۔ لوگ اپنے گھروں کے نزدیک کھلے میدان میں جمع ہو جاتے ہیں اور درمیان میں بہت ساری لکڑیوں کا ڈھیر لگا کر آگ لگاتے ہیں اور موسم بہار آنے کی خوشی میں گیت گاتے ہیں۔

سویڈن کے شہر تومبا میں Storvreten کے علاقے کے ایک بڑے پارک میں 30 اپریل کی رات کو والبوری کا تہوار بڑے جوش خروش کے ساتھ منایا گیا۔ لکڑیوں کے ایک بڑے ڈھیر کو آگ لگائی گئی اور خوشی کے گیت گائے گئے۔ علاقے میں رہنے والے سینکڑوں خاندانوں نے اس میلے میں شرکت کی۔ سویڈن کی حکمران جماعت سوشل ڈیموکریٹ کے سٹال سے بچوں میں مفت پارٹی بیج اور غبارے بانٹے گئے۔ اس تہوار کی تقریب کو بچوں بڑوں اور خواتین سب نے بہت پسند کیا اور موسم بہار شروع ہونے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں