847

پیرو کے پہاڑی سلسلے اور اللہ پر یقین

پیرو میں جب آپ جنوب سے شمال کی طرف اینڈیز پہاڑی دروں میں سفر کرتے ہیں تو یہ دُنیا کی خطرناک ترین سڑکوں میں شمار ہونے والے راستے ہیں. فلک بوس پہاڑی سلسلوں کے ان دروں میں پہاڑ کا سینہ بس اتنا چیرا گیا ہوتا ہے کہ ایک وقت میں ایک گاڑی اس پر اس طرح چلتی ہے کہ ایک طرف پہاڑ سے لڑھکتے پتھر ہوتے ہیں اور دوسری طرف انتہائی گہری کھائی.

اسی سڑک پر ایک ڈاکومنٹری بنانے والی ٹیم بس ڈرائیور سے پوچھتی ہے ” کیا تمہیں اللہ پر یقین ہے.؟” ڈرائیور مُسکرا کر جواب دیتا ہے جسے اللہ پر یقین نہ ہو کیا وہ اس سڑک پر گاڑی چلا سکتا ہے. بہادری جوانمردی حوصلہ یا استقامت کیا ہے.؟ یہ ہمارا وہ انتخاب ہوتا ہے جو ہم مشکلات ناممکنات یا سختی میں کامیابی کی اُمید میں لے کر کھڑے ہو جاتے ہیں.

اس ڈرائیور کا کیا مذہب ہے. اس سے قطع نظر اللہ پر اس کے یقین کا فلسفہ بتاتا ہے اللہ پر یقین بہادر لوگوں کا انتخاب ہے. بزدل کم ہمت لوگوں کا یقین بھی کمزور ہوتا ہے اور انکی شخصیت ان کی ذات بھی کمزور ہوتی ہے.

ریاض علی خٹک