سائنسدانوں کی جانب سے کورونا وائرس کی علامات پر تحقیق کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ شخص میں تیز بخار، خشک کھانسی، سانس لینے میں دشواری پیش آنے کے علاوہ اس کی سونگھنے اور چکھنے کی صلاحیت متاثر ہونے کے ساتھ پٹھوں میں تکلیف بھی ہوتی ہے۔ انکے علاوہ اب مزید تحقیق پر کورونا وائرس کی ایک اور نئی علامت سامنے آئی ہے جس کا تعلق جِلد سے ہے ،کورونا وائرس سے متاثرہ شخص میں پاؤں کی انگلیوں میں انفیکشن یا پاؤں کی انگلیاں نیلی ہونے کی علامت بھی ظاہر ہوئی ہے۔حال ہی میں امریکی ریاست لاس اینجلس میں ایک خاتوں پاؤں کی انگلیاں نیلی ہونے کے بعد ہسپتال پہنچی جہاں ان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
امریکن اکیڈمی آف ڈرماٹولوجی کی جانب سے ایک گائیڈ لائن جاری کی گئی ہے جس کے مطابق انسان کی جِلد پر مختلف نشانات جیسے مکڑی یا کسی کیڑے کے کاٹنے سے ہونے والے زخم کی طرح ہونے کا تعلق بھی کووڈ-19 سے ہی ہے۔
جرنل آف امریکن اکیڈمی آف ڈرماٹولوجی میں شائع ہونے والے مطالعے کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ کووڈ-19 کے مریضوں میں جِلد کے عام انفیکشن کی طرح دکھنے والے ریشز ہونے کے بھی امکانات ہو سکتے ہیں۔ ماہرین نے لوگوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ اگر کسی بھی شخص کو اس طرح کے جِلد کے انفیکشن کا سامنا ہو تو فوری تشخیص کرائے۔