276

سویڈن میں پاکستانی سفیر کا مسیحی تہوار پر چرچ کا دورہ

سویڈن اور فن لینڈ میں پاکستان کے سفیر ظہور احمد نے ایڈونٹ کے تیسرے اتوار کے موقع پر اسٹاک ہوم میں ہالونڈا چرچ کا دورہ کیا اور پاکستانی مسیحی برادری سے بات چیت کی۔ ان کا استقبال پادری اقبال مسیح، بوز کامران اور جماعت کے دیگر اراکین نے کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر ظہور احمد نے شرکاء کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اپنی مسیحی آبادی کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستانی مسیحیوں نے ہمیشہ ملک کی ترقی بالخصوص صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہے اور انکے قائم کردہ ادارے ہمیشہ عمدگی اور امتیاز کی مثال رہے ہیں۔

جناب ڈاکٹر ظہور احمد صاحب نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سویڈن میں پاکستانی کمیونٹی اپنے آبائی ملک اور سویڈن کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتی ہے اور پاکستان کا ایک نرم اور مثبت امیج پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک متنوع ملک ہے جو دنیا بھر میں امن اور عقائد اور تہذیبوں کے درمیان مکالمے پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سفارت خانہ پاکستانی کمیونٹی کے تمام طبقات کے ساتھ باقاعدگی سے رابطے برقرار رکھے گا اور پاکستان اور سویڈن کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرے گا۔ آخر میں کرسمس کا کیک کاٹا گیا اور پاکستان، سویڈن اور پوری دنیا کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔