414

پاکستانی سفیر ڈاکٹر ظہور احمد کی سویڈش وزیر خارجہ سے ملاقات

اردونامہ (ویب ڈیسک) پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد صاحب نے سویڈن کے وزیر خارجہ ٹوبیاس بلسٹروم سے سویڈن کی وزارت خارجہ میں ملاقات کی ہے، اس بات چیت میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

پاکستانی سفیر نے اس موقع پر سویڈش وزیر خارجہ سے کہا کہ پاکستان سویڈن کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، قابل تجدید توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری، سیاحت اور ماحول دوست منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ سفیر نے پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے وزیر خارجہ بلسٹروم کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔

دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے سویڈن کے وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں بالخصوص تعلیم، قابل تجدید توانائی اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھا سکتے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب میں جانی نقصان پر بھی دکھ اور غم کا اظہار کیا اور پاکستان کے لیے سویڈن کی حمایت کا یقین دلایا۔