Warning: Undefined array key "geoplugin_countryName" in /customers/9/f/a/urdunama.eu/httpd.www/wp-content/themes/upaper/functions.php on line 341
280

ہماری ناکامیاں اور مغربی تعلیم۔ Our Failures and Western Education

ہمارے بعض علما کرام اور انکے کچھ ماننے والے اکثر ہماری ناکامیوں کی وجہ مغربی تعلیم کو قرار دیتے ہیں۔ بات بات پر اس بات کی وکالت کرتے نظر آتے ہیں کہ مغرب نے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مغربی تعلیم کو ہمارے نصاب کا حصہ بنایا ہے تاکہ مغربی ثقافتی یلغار سے ہماری اسلامی اقدار کو تباہ کیا جا سکے۔ ہمیں اپنے موجودہ حالات اور دنیا میں مسلمانوں کی معاشرتی حیثیت کو دیکھنا چائیے۔ مغربی تعلیم ہم خود پڑھ رہے ہیں کوئی ہم سے زبردستی نہیں پڑھوا رہا۔ مغربی تعلیم دنیا میں رہنے اور دوسری اقوام دنیا سے مقابلہ کرنے کے لیئے ضروری ھے مگر اسکا یہ مطلب نہیں کہ ہم اسلامی تعلیم بھول جائیں۔

پاکستان کو آزاد ھوئے 70 سال ہو گئے ہیں اور ابھی تک ہم یہ فیصلہ نہیں کر سکے کہ ہمارا ملکی آئین مکمل اسلامی ہونا چاہیے یا سیکیولرازم پر مبنی۔ طرز حکومت جمہوریت ہونا چائیے یا ڈکٹیٹرشپ۔ مالی بدعنوانی ہماری جڑوں کو دن بدن کھوکھلا کر رہی ہے اور اس کام میں حکومتی ایوانوں سے لیکرعام آدمی تک زیادہ تر لوگوں کے ہاتھ رنگے ہوئے ہیں۔ مالی بدعنوانی ایک ایسا ناسور ہوتا ہے جو معاشرے کو ذلت کی گہرائیوں میں لے جاتا ہے۔ مغربی ممالک نے تعلیم پھیلا کر اور مالی بدعنوانی پر قابو پا کر ترقی کی ہے۔ پاکستان کے ترقی نہ کرنے کی وجہ مالی بدعنوانی اور ہمارے اندر کی منافقت ھے۔ ہمارے اندر ہٹ دھرمی اور نفرت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ھے۔ ہم اپنے آپ کو ٹھیک اور باقی سب کو غلط سمجھتے ہیں۔

ہم بے شمار فرقوں ذاتوں معاشی درجوں علاقائی تعصب اور خود پسندی کے خانوں میں بٹے ہوئے ہیں۔ اسلام میں قوم پرستی اور ذات پرستی کو منع کیا گیا ھے مگر ہم ہر وہ چیز زوروشور سے کرتے ہیں جو اسلام میں منع کی گئی ھو۔ پاکستانی لوگ کبھی بھی ایک قوم نہیں ھو سکتے۔ قوم ہونے کے لیئے شرط ہوتی ھے کہ لوگ اپنے انفرادی مفادات اس وقت قومی مفادات پر قربان کر دیتے ہیں جب ملک کے اجتماعی مفاد کی بات ھو۔ ہمارے لوگوں کو کبھی ایسی باتوں کی تربیت ہی نہیں دی گئی۔ میر جعفر میر صادق نے ٹیپو سلطان کو شکست سے دو چار کروا دیا تھا’ آج ہمارے ملک میں ہر دوسرا بندہ میر جعفر میر صادق ھے اور سب خود پسندی اور خود غرضی کی زندگی میں اتنے مگن ہیں کہ انہیں اس بات کا آحساس ہی نہیں کہ قوم اور اسلام کے کچھ اجتماعی مفادات بھی ہیں۔

ہم اپنی ناکامیوں کا الزام مغربی ممالک پر نہیں لگا سکتے اور نہ ہی مغربی تعلیم کو مورد الزام ٹھہرا سکتے ہیں۔ جس ملک میں انصاف نہیں ہوتا تباہی وہاں کا مقدر بن جاتی ھے۔ تمام مغربی ممالک اپنے ملکوں میں اپنے شہریوں کو انصاف دیتے ہیں مگر ہمارے ہاں کبھی انصاف نہیں ھوا۔ ہمارے ہاں قاتل تو رشوت دینے کے لیئے پھرتا ہی ھے مگر جنکا قتل ھوا ہوتا ھے وہ بھی ایک ہاتھ میں لاش آٹھائے اور دوسرے ہاتھ میں رشوت کے لئے پیسے لئیے ڈاکٹروں کے پیچھے ہوتے ہیں کہ کہیں ڈاکٹر کمزور نتیجہ نہ دے دے اور قاتل چھوٹ نہ جائے۔ اس سب کے باوجود آپ اپنے اردگرد نظر آٹھا کر دیکھ لیں کتنے لوگوں نے قتل کیے اور ڈاکے ڈالے اور کتنوں کو سزا ھوئی ھے۔۔۔؟

پاکستان میں عملی طور پر پیسے والے اور طاقتور کے لئے الگ قانون ہے اور غریب اور عام آدمی کیلئے الگ قانون ہے۔ عدالتیں اور وکیل لوگوں کو انصاف دینے میں مدد دینے کی بجائے انہیں مالی طور پر کنگال کرنے پر لگے ہوئے ہیں۔ ہمارے سیاست دان لوگوں کے سامنے جھوٹ بولتے ہیں اور بےانتہا مالی بدعنوانیاں کرتے ہیں مگر ہم ووٹ بھی انہی چوروں اور لٹیروں کو ہی دیتے ہیں۔ ہمیں اپنی اسلامی تاریخ کا وہ واقعہ نہیں بھولنا چائیے جس میں جب قریش کی ایک امیر عورت چوری کرتی ہے اور جب اسے چھڑوانے کیلئے سفارش کی جاتی ہے تو نبی پاک صلی اللہ وسلم کھڑے ہوکر ارشاد فرماتے ہیں۔

“اے لوگو! تم سے پہلے لوگ ہلاک ہوئے کیونکہ ان میں سے جب کوئی معزز چوری کرتا تو وہ اسے چھوڑ دیتے اور ان میں سے کوئی کمزور چوری کرتا تو اس پر حد جاری کر دیتے اور اللہ کی قسم! اگر فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بنت محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) بھی چوری کرتی تو بھی میں اس کا ہاتھ کاٹ دیتا”۔

امریکہ، مغربی ممالک یا مغربی تعلیم ہمیں یہ نہیں کہتے کہ بجلی چوری کریں رشوت لیں قومی خزانے کے ٹھیکوں سے کمیشن کھائیں جائیدادوں میں بہنوں اور بیٹیوں کا حصہ کھائیں۔ اپنے دلوں میں دوسروں کے لئیے نفرت پالیں اور لوگوں سے اگر ہاتھ بھی ملائیں تو مطلب کے لئیے اور لوگوں کی عزت صرف پیسے اور عہدے کو دیکھ کر کریں چاہے وہ دو نمبر طریقے سے ہی حاصل کیے گئے ہوں۔ آپ مغربی تعلیم کی کسی ایک کتاب میں یہ سب لکھا ھوا دکھا دیں تو میں بھی یہ بات مان لوں گا ہماری تمام ناکامیوں کی وجہ مغربی ممالک اور مغربی تعلیم ھے۔

ہمارے ملک میں اکثر لوگ اور ہمارے زیادہ تر سکالرز اور مذہبی عالم کنویں کے مینڈک کی طرح سوچ رکھتے ہیں ان میں یونیورسل سوچ اور ریسرچ نام کی کوئی چیز نہیں ھے۔ یہ لوگ جس فرقے کے سکولوں سے پڑھے ہوئے ہوتے ہیں اسی فرقے کی عینک لگا کر چیزوں کو دیکھتے ہیں۔ ہمارے سکالرز ہمیں اپنی تحریروں سے جوش تو دلاتے ہیں مگر ان کے پاس کوئی حل نہیں ھوتا اور آنکھیں بند کر کے اپنی ساری ناکامیوں کا الزام مغربی ممالک اور مغربی تعلیم پر دھر دیتے ہیں۔ اکبر الہ آبادی نوجوان نسل کو مخاطب کرکے مغربی تعلیم کے بارے میں کچھ ایسے کہتے ہیں۔


تم شوق سےکالج میں پھلو پارک میں پھولو
جائزہے غباروں میں اڑوچرخ پہ جھولو
بس اک سخن بندہ عاجزکی رہے یاد
اللہ کو اور اس کی حقیقت کو نہ بھولو

خدارا اپنی آنکھیں کھولیں قرآن اردو میں پڑھیں اور غور کریں کہ اللہ تعالی کیا چاہتے ہیں اور ہم کیا کر رہے ہیں۔ ہر چیز کا حل قرآن میں ھے مگر کوئی اس پر غور کرنے کو تیار نہیں۔ سب یہی کہتے ہیں کہ اردو کا بھی کوئی قرآن ھے اس سے تو ثواب نہیں ھوتا وہ تو صرف ترجمہ ھے۔ آپ دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے مغربی تعلیم پڑھیں مگر قرآن اردو میں خود پڑھیں، اس پر غور کریں اور اللہ کے بتائے ہوئے طریقے کیمطابق زندگی گزاریں اور اگر ہم ایسا نہیں کر سکتے تو پھر مغربی ممالک اور مغربی تعلیم کو مورد الزام ٹھہرانا چھوڑ دیں۔

( طارق محمود، اڈیٹر انچیف اردونامہ ڈاٹ ای یو)

2 تبصرے “ہماری ناکامیاں اور مغربی تعلیم۔ Our Failures and Western Education

اپنا تبصرہ بھیجیں