233

نیکیوں کی لوٹ سیل

جس طرح دوکاندار سال میں ایک بار لوٹ سیل لگاتے ہیں اسی طرح اللہ تعالٰی نے رمضان المبارک میں نیکیوں کی لوٹ سیل لگ رکھی ہے یہ رمضان المبارک کی برکتیں ہیں کہ اس ایک مہینے میں لوگ اتنی خیرات اور صدقہ کرتے ہیں کہ مستحقین کے لیے کام کرنے والے دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے کوشاں ہزاروں ادارے سارا سال اپنی کاوشیں جاری رکھ سکیں پاکستان خیرات کرنے والے چوٹی کے ممالک میں شامل ہے جہاں بہت ساری خرافات میں ہمارا کوئی ثانی نہیں وہاں بعض اچھائی کے معاملات میں بھی پاکستان کا شمار ٹاپ ٹین ممالک میں ہوتا ہے انسانی خدمت کے چند اداروں سے میرا ذاتی تعلق ہے اپنے تائیں کوشاں رہتے ہیں لیکن قارئین کی خدمت میں عرض کرتا چلوں کہ چونکہ میں ان اداروں کی ورکنگ کو بخوبی جانتا ہوں اس لیے میری گزارش ہو گی کہ آپ اپنی زکوۃ اور عطیات کے لیے ان کو پریفرنس دیں میرے نزدیک سب سے زیادہ وہ لوگ مستحق ہوتے ہیں جو قید میں ہوں جن کا کوئی پرسان حال نہ ہو جیلوں میں بند بچوں اور خواتین کے لیے کام کرنے والی تنظیم رہائی جو کہ پنجاب کی دس جیلوں میں رہائی کے زیر اہتمام بچوں اور خواتین کی درسی تعلیم کے ساتھ ووکیشنل تعلیم کس بھی اہتمام کیا ہے رہائی کے پلیٹ فارم سے 22ہزار سے زائد افراد پچھلے 20 سالوں میں فیضیاب ہوئے ہیں رہائی نے جیلوں میں بند بچوں اور خواتین کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی کی جس سے انھیں رہائی کے بعد معاشرے کا فعال رکن بنایا ان کا پنجاب کی تمام جیلوں میں سکول قائم کرنے کا منصوبہ ہے مخیر حضرات ان بچوں کے لیے یونیفارم، کپڑے، کتابیں، کاپیاں سٹیشنری، جوتے مہیا کرکے ایک استاد کی تنخواہ کی صورت میں ان کے جرمانوں اور رہائی کے لیے قانونی مدد کرکے بھی اس کار خیر میں حصہ لے سکتے ہیں۔ تعلیم کے حوالے سے پاکستان کا مثالی ادارہ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ ہے جس کے پورے پاکستان کے طول وعرض میں 800 سے زائد سکول ہیں یہ سکول ان دور دراز علاقوں میں قائم ہیں جہاں نہ سرکار کا کوئی تعلیمی ادارہ ہے نہ ہی پرائیویٹ ان کی شاندار خدمات کو نہ صرف پاکستان کے اندر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے بلکہ اعزازت سے بھی نوازا گیا ہے غزالی ایجوکیشن کے اداروں میں کم وسیلہ خاندانوں کے ایک لاکھ دس ہزار سے زائد بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں ادارہ 47 ہزار بچوں کی مکمل کفالت کر رہا ہے سپیشل بچوں کی تعلیمی کفالت اور بحالی کے لیے ایک سال میں ایک کروڑ 21 لاکھ خرچ کیے گئے یتیم اور مستحق بچوں کی تعلیمی کفالت اور ضروریات پر 4کروڑ سے زائد خرچ کیے گئے۔ ڈاکٹر امجد ثاقب تو پاکستان کا مان ہے لوگوں کو قرضہ حسنہ دے کر ان کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنے کے عظیم منصوبہ تو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے اور ڈاکٹر امجد ثاقب کو انسانی خدمات پرایشیا کا نوبل پرائز ملنا پاکستان کے لیے اعزاز ہے ڈاکٹر امجد ثاقب نے تعلیمی میدان میں بھی ایک مثالی اخوت یونیورسٹی قائم کی ہے میں نے اسے وزٹ کیا ہے پاکستان میں اس معیار کا شاید ہی کوئی ادارہ ہو جہاں پورے پاکستان کے مستحق بچوں کو تعلیم دی جاتی ہے قومی یکجہتی کے لیے انھوں نے ایک یونیک کام کیا ہے ہوسٹل کے ایک کمرے میں چار بیڈ ہیں جہاں ہر صوبے کا ایک ایک بچہ ہے اس طرح ایک کمرے میں چاروں صوبوں کی نمائندگی پاکستان کی آنے والی نسلوں کو یکجہتی کی مضبوط بنیادیں فراہم کی جا رہی ہیں اسی طرح لاہور کی ایک عظیم سماجی شخصیت جنھیں ہم لاہور کا بابا ایدھی کہتے ہیں میاں محمد سعید ڈیرے والے جو ہر سال گھرکی ہسپتال کو کروڑوں روپے اکھٹے کر کے دیتے ہیں جن کے وحدت روڈ ڈیرے پر ہزاروں لوگ روزانہ لنگر کھاتے ہیں یتیم بچیوں کی شادی کئی مستحق بچوں کے تعلیمی اخراجات اٹھاتے ہیں ہر سال رمضان میں ملک بھر میں مستحقین کو راشن بجھواتے ہیں سیلاب ہو کرونا ہو ہرآفت میں انسانیت کی خدمت کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں اس کا اہتمام وہ خود اپنی جیب یا قریبی دوستوں کے تعاون سے کرتے ہیں۔ انسانی جانیں بچانے کے لیے عظیم کام کرنے والا ایک اور یونیک ادارہ سندس فاونڈیشن جو کہ تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے علاج کے لیے دن رات خدمات سرانجام دے رہا ہے اس کا سب سے منفرد اعزاز ہر ماہ ہزاروں انسانی خون کی بوتلیں اکھٹی کرنا اور تھلیسیمیا کے مریض بچوں کا خون تبدیل کرنا ہے یہ تمام ادارے انسانی خدمت سرانجام دے رہے ہیں اور آپ کے تعاون کے منتظر ہیں