438

پاکستان اور فن لینڈ کے ووکیشنل اداروں کے درمیان تکنیکی تربیت میں مدد کا معاہدہ طے پا گیا

 پاکستان کے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (این اے وی ٹی ٹی سی) اور فن لینڈ کے ترکو ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے درمیان ایک یادداشت پر دستخط ہوگئے ہیں جس میں دونوں اداروں نے آپس میں تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم اور تربیت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں اداروں کے مابین مفاہمت کی اس یاد داشت میں متعدد شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے جس میں تربیت دینے والے ماہرین کی تربیت، ملازمت سے متعلق مخصوص تربیت ، تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیتی اداروں کی باہمی منظوری ، پاکستان میں تربیت اور مہارت کی ترقی کے لئے مشترکہ اداروں کا قیام ، ٹی وی ای ٹی ٹرینرز کا باضابطہ تبادلہ اور ورچوئل ٹریننگ ماڈیولز کے میدان میں ترقی اور عمل درآمد شامل ہیں۔  

مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت میں منعقد ہوئی ہے اور اس ایم او یو پر پاکستان کی طرف سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ، این اے وی ٹی ٹی سی ، ڈاکٹر فہیم محمد اور فن لینڈ کی طرف سے پرنسپل ترکو ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ مسٹر امونن ہنوں نے دستخط کیے ہیں۔

 یہ معاہدہ نہ صرف پاکستان میں انتہائی ہنر مند ، متحرک اور بین الاقوامی سطح پر مسابقتی افرادی قوت تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا بلکہ وزیر اعظم عمران خان کے ہنرمند پاکستان (ہنر سب کے لئے) پروگرام کے مقاصد کے حصول میں بھی کارآمد ثابت ہوگا۔  توقع ہے کہ یہ پارٹنرشپ پاکستان کے ٹی وی ای ٹی سیکٹر کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی کیونکہ فن لینڈ میں دنیا کا سب سے جدید  ٹی وی ای ٹی نظام موجود ہے۔ یہ معاہدہ اس لیئے بھی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ فن لینڈ کے ساتھ پاکستان کے سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر کیا گیا ہے، معاہدے کی اس تقریب میں پاکستان کی طرف سے وفاقی وزارت برائے تعلیم اور  پیشہ ورانہ تربیت کی سکریٹری مسز فرح حامد خان، فن لینڈ میں پاکستان کے اعزازی قونصل جنرل جناب ویلی ایروولا ، این اے وی ٹی ٹی سی کے چیئرمین سید جاوید حسن اور ایڈیشنل سکریٹری جناب محی الدین احمد وانی جبکہ فن لینڈ کی طرف سے پاکستان میں فن لینڈ کے سفیر جناب ہیری کیمیرینین، پروجیکٹ کوارڈینیٹر ایجوکیشن ڈویژن فن لینڈ جناب مسٹر تیمو ہاکیوجا اور ہوٹل اینڈ ریستورینت ایجوکیشن ترکو فن لینڈ کے ٹیم لیڈر پیتری ہورکو بھی موجود تھے۔ 

واضح رہے کہ سویڈن اور فن لینڈ کیلئے پاکستان کے نئے سفیر جناب ڈاکٹر ظہور احمد صاحب اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے فوراً بعد پاکستان، سویڈن اور فن لینڈ کے درمیان مختلف شعبوں میں  تعاون بڑھانے کیلئے کمربستہ ہوگئے ہیں اور آنے والے دنوں میں ہم امید کرتے ہیں کہ ایسے مزید معاہدات بھی سامنے آئیں گے تاکہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو ہنرمندی کی طرف راغب کیا جاسکے اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔