241

منہاج القرآن انٹرنیشنل گوتھن برگ سویڈن کے زیر اہتمام معراج النبیﷺ کانفرنس

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے معراج النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالٰی نے تاجدارِ کائنات صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو جن مُعجِزات سے مُشرّف فرمایا اُن میں سفرِ معراج نہایت عظیمُ الشّان ہے کہ آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اپنے جسمانی وُجود کے ساتھ مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تک کا سفر کیا، پھر وہاں سے آسمانوں اور اس سے بالا جنّت و عرش کی سیر کی اور اللہ ربّ العزّت کی بے شمار نشانیوں اور عجائبات کا مُشاہَدہ فرمایا۔ اللہ تعالیٰ نے حضور کی امت کو سفر معراج کا تحفہ نماز عطاء کی اور حضور تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے ہیں کہ نماز میری آنکھوں کی ٹھنڈک اور مومن کی معراج ہے۔ اگر ہم حقیقی معنوں میں اللہ کا قرب حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں چاہیئے کہ ہم نماز قائم کریں۔ اللہ تعالیٰ کے دیئے اس تحفے کی قدر کریں اس سے ہمارے آقا محبوب سبحانی کی آنکھوں کو راحت ملے گی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خوش ہوں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے رفقاء و اراکین و وابستگان نے امت کے دلوں میں جزبہ حب نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو موجزن کرنا ہے اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ ہمیں عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سرشار ہوکر خدمتِ دین کا فریضہ سر انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔ چیئرمین سپریم کونسل نے کانفرنس کے شاندار انعقاد پر جملہ منتظمین کو مبارکباد دی۔ معراج النبیﷺ کانفرنس میں بابر شفیع شیخ صدر MQI سویڈن، ڈاکٹر ذیشان عتیب سیکرٹری جنرل MQI سویڈن، نعمان شیر گڑھ صدر MQI گوتن برگ، چوہدری ذوالفقار علی سیکرٹری جنرل MQI گوتن برگ، یاسر اقبال نائب صدر MQI گوتن برگ، مظہر اقبال، طارق گجر، نوید احمد، ملک قیصر، محمد اکرم، ولید الیاس، جمال نعمان، محمد آصف، تیمور کھگا، ڈاکٹر ندیم عاصم، علامہ محمد اویس قادری، وقاص رؤف، حافظ ذیشان سمیت علماءِ کرام، سیاسی، سماجی اور صحافتی شخصیات منہاج یورپین کونسل، منہاج القرآن انٹرنیشنل گوتن برگ کے ذمہ داران، رفقاء و کارکنان، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔