273

میونخ جرمنی میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام عید میلادالنبی کی شاندار تقریب

اردونامہ ویب ڈیسک (چوہدری انصر اقبال بسرا، میونخ جرمنی) منہاج القران انٹرنیشنل میونخ جرمنی کے زیراہتمام جامع مسجد صوفیاء میں سالانہ محفل میلادالنبی کا انعقاد کیا گیا، اس تقریب کے مہمان خصوصی جناب علامہ سید فرحت حسین شاہ بخاری ڈائریکٹر منہاج القران انٹرنیشنل تھے، شاہ صاحب نے اپنے صدارتی خطبہ میں دور و نزدیک سے آنے والے معزز مہمانوں اور عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے یہ محافل ایمان کی تازگی، سلامتی اور کثرت کا باعث بنتی ہیں اور یہی وہ اعمال ہیں جن کی بدولت انسان مقبول باری تعالی بن جاتا ہے۔ اس تقریب سے علامہ حافظ محمد ذیشان قادری ڈائریکٹر منہاج القران لندن نے خصوصی خطاب بھی کیا، انہوں نے انتہائی ایمان افروز انداز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے نعمتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور اس کائنات کی سب سے بڑی نعمت ذاتی مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے ہیں۔اپنی تاریخ یعنی ہسٹری کو یاد رکھنا پڑھنا اور پڑھانا زندہ قوموں کی نشانی ہوا کرتی ہے لہذا ہم میلاد مناتے کر اپنی ہسٹری کے سرخیل اول اپنے آقا و مولا کی تاریخ خود بھی یاد کرتے ہیں اور اپنے بچوں کو بھی اس کا درس دیتے ہیں ۔دوران خطاب محفل نعرہ تکبیر و رسالت اور سبحان اللہ کیا صداوں سے گونجتی رہی۔ بہت ایمان افروز محفل کا اہتمام کیا گیا تھا۔

محترم رانا محمد آصف قادری فرینکفرٹ اور حافظ حامد محمود میونخ نے بہت خوبصورت اور محبتوں بھرا کلام بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم پیش کیا، اس کے علاوہ طہ بٹ نے نعت پیش کی جس کی حاضرین نے بہت داد دی، نوجوان طالب علم عبدالوہاب بٹ نے شان رحمت اللعالمین کے موضوع پر بہت شاندار اور ایمان افروز خطاب کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض محترم ڈاکٹر چن نصیب جنرل سیکرٹری منہاج القران جرمنی اور محترم چودھری محمد عرفان گجر ناظم منہاج القران میونخ نے ادا کئے۔ خواتین کی کثیر تعداد نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر درودوسلام کے بعد علامہ سید فرحت حسین شاہ بخاری نے امت مسلمہ،وطن عزیز پاکستان اور جرمنی بھر کے اہل ایمان کیلئے خصوصی دعا کی۔ نماز عشاء کے فورا بعد لنگر کا وسیع انتظام کیا گیا تھا جو شرکاء کی خدمت میں عزت و احترام سے پیش کیا گیا۔