280

سٹاک ہوم سویڈن میں معروف خیراتی ادارے سکون کا فنڈ ریزنگ ایونٹ

اردونامہ ویب ڈیسک، انصر اقبال بسرا (سٹاک ہوم سویڈن) پاکستان بھر میں مستحق معذور لوگوں کو مفت وہیل چئیر فراہم کرنے والے ادارے سکون نے اسٹاک ہوم میں فنڈ ریزنگ تقریب کا انعقاد کیا جس کے مہمان خصوصی مشہور تجزیہ نگار ارشاد بھٹی اور اداکار فیصل قریشی تھے۔ فتیا سکول کے ہال میں ہونے والی اس تقریب میں اسٹیج سیکریٹری شاہ رخ تھے،سہیل صفدر نے تلاوت قرآن پاک سے تقریب  کا آغاز کیا۔ بچوں نے علامہ اقبال کی نظم بچے کی دعا اور ملی نغمے پیش کئے۔ سکون سویڈن کی صدر ذکیہ خانم مرزا نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے سکون سویڈن کی سرگرمیوں کی تفصیل پیش کی۔ سکون کے بانی اور صدر شاہد جمیل نے کہا کہ سکون پاکستان کے 18 اضلاع میں چلنے پھرنے سے معذور لوگوں کو ان کے گھر میں مفت وہیل چئیر فراہم کر رہی ہے۔ اب سکون نے ان کے لئے روزگار اسکیم اور پیشوارانہ ٹریننگ کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا چند سال پہلے ڈاکٹر عارف کسانہ  شہزاد انصاری، غزال مہدی اور ان کے ساتھیوں نے سکون سویڈن کی بنیاد رکھی جو آج ایک تناور درخت بن چکا ہے۔ معروف تجزیہ نگار ارشاد بھٹی اور اداکار فیصل قریشی نے شرکاء سے عطیات کی لیے اپیل کی۔ ہال میں موجود لوگوں نے سکون تنظیم کے لئے عطیات دیئے۔ نائب صدر سکون سویڈن روئی سیامب نے آنے والے مہمانوں اور پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا ۔