384

نوسربازوں نے بھارتی ڈاکٹر کو الہٰ دین کا چراغ 70 لاکھ روپے میں فروخت کردیا

بھارتی ریاست اترپردیش کے سادہ لوح ڈاکٹر لئیق خان نے پولیس کو درج کرائی گئی درخواست میں کہا ہے  کہ ملزمان نے جادوئی طاقت رکھنے والا الہٰ دین کا چراغ فروخت کیا اور اسے رگڑنے سے مبینہ طور پر جن بھی نظر آیا، لیکن گھر لانے پر اسے رگڑا تو کچھ بھی برآمد نہیں ہوا۔

مقامی میڈیا کے مطابق پولیس کے پاس درج کرائی گئی رپورٹ میں لئیق خان کا کہنا ہے کہ ان دو افراد میں سے ایک شخص جادوگر بن کر سامنے آیا۔ جس نے چراغ سے جن نکالا، جب اس نے جن کو چھونے اور چراغ کو گھر لے جانے سے متعق پوچھا تو ان دو افراد کی طرف سے انکار کر دیا گیا اور کہا گیا کہ ایسا کرنے سے اسے نقصان ہو سکتا ہے، آخر کار ملزمان یہ چراغ لئیق خان کو یہ کہہ کر 93 ہزار ڈالر جو 70 لاکھ بھارتی روپوں کے برابر بنتے ہیں میں فروخت کرنے میں کامیاب ہو گئے کہ اس چراغ سے اسے اچھی صحت، دولت اور اچھی قسمت ملے گی، لئیق خان کو اسکا بعد میں احساس ہوا کہ چراغ رگڑنے سے نکلنے والا جن درحقیقت ان دو افراد میں سے ایک شخص تھا۔

پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر کے اُن کا ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ اس گروہ میں ایک خاتون بھی شامل ہے جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ملزمان کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی وہ سادہ لوح افراد کو دھوکہ دے کر بڑی رقوم حاصل کرتے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں