270

چین میں خاتون سامان سمیت سکیننگ مشین سے گزر گئی۔

بیجنگ ائرپورٹ پر سامان کی سکیننگ کے لئے لگائی گئی مشین میں ہر کوئی اپنا سامان رکھ کر آگے گزرتا جاتا ہے لیکن چین میں ایک خاتون نے کمال کر دیا، یہ محترمہ اپنا پرس مشین میں رکھنے کے بعد خود بھی اس کے اندر گھس گئیں۔ دی مرر کے مطابق یہ خاتون اپنے پرس کے متعلق بے حد متفکر تھی اور اسے ایک لمحے کے لئے بھی اپنی آنکھوں سے اوجھل نہیں کرنا چاہتی تھی۔ 

جب سکیورٹی چیکنگ کا مرحلہ آیا تو اس نے اپنے پرس کو چھوڑنے کی بجائے خود بھی اس کے ساتھ ایکسرے مشین میں جانے کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی طور پر خاتون اپنے پرس کی سکیننگ کروانے پر تیار نہیں تھی۔ جب سکیورٹی اہلکاروں نے اسے خبردار کیا تھا کہ پرس کی چیکنگ ایکسرے مشین میں بہرصورت کروانی ہوگی تو کچھ بحث مباحثے کے بعد اس نے اپنا پرس ایکسرے مشین کی کنویئر بیلٹ پر رکھ دیا لیکن اور پھر خود بھی لپک کر مشین کے اندر چلی گئی۔ 
یہ منظر دیکھ کر سکیورٹی اہلکاروں کے منہ حیرت سے کھلے کے کھلے رہ گئے اور اس سے پہلے ان کے منہ بند ہوتے یہ خاتون مشین کی دوسری جانب سے اپنے پرس کے ساتھ باہر نکل آئی۔ اگرچہ یہ خاتون بخیروعافیت تھی اور اس کے خلاف کوئی ایکشن بھی نہیں لیا گیا لیکن سکیورٹی حکام نے خبردار کیا ہے کہ مسافروں کو اس قسم کی حرکت سے باز رہنا چاہیے کیونکہ ایکسرے مشین طاقتور شعائیں خارج کرتی ہے جو انسانی صحت کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں