Warning: Undefined array key "geoplugin_countryName" in /customers/9/f/a/urdunama.eu/httpd.www/wp-content/themes/upaper/functions.php on line 341
261

عمران خان وزیر اعظم کے امیدوار نامزد

اسلام آباد — پاکستان تحریک انصاف ‘پی ٹی آئی’ نے باضابطہ طور پر جماعت کے سربراہ عمران خان کو پاکستان کے وزیر اعظم کا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔

یہ فیصلہ پیر کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے تحریک انصاف کے اجلاس میں ہوا جس میں جماعت کے قومی اسمبلی کے نو منتخب ارکان سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے عمران خان کو وزیراعظم کے عہدے کے لیے نامز کرنے کی قرارداد پیش کی جسے جماعت نے متقفہ طور پر منظور کر لیا۔

شاہ محمود قریشی نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اجلاس میں عمران کو باضبابطہ طور پر وزارت عظمٰی کے عہدے کے لیے نامزد کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر اور دیگر عہدوں کے بار ے میں پیر کو ہونے والے اجلاس میں غور نہیں ہوا اور ان عہدوں کے بارے میں جماعت بعد میں فیصلہ کرے گی۔

پیر کو تحریک انصاف کے اجلاس سے جماعت کے سربراہ عمران خان نے بھی خطاب کیا اور شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے بقول عمران خان نے جماعت کے اراکین سے کہا کہ وہ حکو مت میں آ کر جماعت کے انتخابی منشور پر پوری طرح عمل کریں گے۔

اس موقع پر جماعت کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ان کی تحریک انصاف کو جماعت کے ارکان سمیت اپنے اتحادیوں کے 174 منتخب ارکان قومی اسمبلی کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔

پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں تحریک انصاف سب سے بڑی اکثریتی جماعت بن کر سامنے آئی ہے اور جماعت کو قومی اسمبلی کی لگ بھگ 115 نشتیں حاصل ہوئی ہیں۔

پاکستان کی پارلیمان کی ایوان زیریں یعنی قومی اسمبلی میں سادہ اکثریت کے لیے جماعت کو 172 ارکان کی حمایت حاصل ہونا ضروری ہے۔ تاہم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جماعت کو وفاق میں حکومت بنانے کے لیے مطوبہ ارکان قومی اسمبلی کی حمایت حاصل ہو چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں