330

نیودہلی میں کثیرمنزلہ عمارت میں شدید آگ لگ گئی، اس عمارت میں بھارتی ائیرفورس کا برانچ آفس بھی واقع ہے۔

بھارتی دارلحکومت نیودہلی میں سی جی او کمپلیکس میں واقع پنڈت دین بھون کی عمارت کے پانچویں فلور پر شدید آگ بھڑک رہی ہے جس کے شعلے دو ر دور سے دیکھے جاسکتے ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ تاحال آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ یہ عمارت انتہائی مصروف سڑک لودھی روڈ  پر واقع ہے اور اسے اہم سرکاری عمارت کا درجہ حاصل ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس عمارت میں انڈین ایئرفورس کے برانچ دفتر کے علاوہ وزارت برائے پانی اور سیورج، وزارتِ جنگلات ،وزارت برائے سماجی انصاف اور نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کے دفاتر بھی قائم ہیں۔ اس عمارت کو سال 2016ء سے پریاورن بھون کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ اس قدر شدید ہے کہ 24 فائر ٹینڈرز اسے بجھانے کیلئے تگ و دو کر رہے ہیں لیکن تاحال کوئی کامیابی نہیں مل سکی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ آگ وزارت سماجی انصاف کے دفتر سے شروع ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ لگنے کے واقعے میں ایک سیکیورٹی افسر زخمی ہوا ہے جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے البتہ ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ انہیں آگ لگنے کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے موصول ہوئی جس کے بعد اسے بجھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں