346

آپ گر ہوں قریب عید کے دِن۔ عرش پر ہوں نصیب عید کے دِن۔

آپ گر ہوں قریب عید کے دِن
عرش پر ہوں نصیب عید کے دِن

حُسن والے ، شراب یا کہ موت
کوئی تو ہو طبیب عید کے دِن

دَم بخود رِہ گیا میں دیکھتے ہی
پھول سی عندلیب عید کے دِن

عشق مصلوب ہونے میں لاچار
حُسن بے بس صلیب عید کے دِن

اُن سے ملنے کی صف نے سمجھایا
یار ہی ہیں رَقیب ، عید کے دِن

ہر کسی کو خدا نصیب کرے
آپ سا اِک حبیب عید کے دِن

آئینہ سال بھر رہا ہمزاد
پر لگا کچھ عجیب عید کے دِن

قہقہے بانٹتا ہے لوگوں میں
خوبصورت خطیب عید کے دِن

دُنیا والو! خدارا لے آؤ
دِل کو دِل کے قریب عید کے دن

شکل یہ بھی جنون کی ہے قیس
بن گئے ہم اَدیب عید کے دِن

٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں