پاکستانی کیوئسٹ کو ویزے نہ دینے پربھارت سے ایشین سنوکرچیمیپن کی میزبانی واپس لے لی گئی اور بھارت میں اگلے ماہ ہونے والا ایشین سنوکر ایونٹ منسوخ کردیا گیا۔
ٹین ریڈز ایشین سنوکر ٹورنامنٹ مارچ کے آخری ہفتے میں بنگلور میں شیڈول ہے لیکن ایونٹ کا حصہ 6 پاکستانیوں کو ویزے جاری کرنے کی یقین دہانی نہ کرانے پر اب ایونٹ کو ہی ختم کردیا گیا، انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے تین دن پہلے تمام فیڈریشنز کو واضح کیا تھا کہ جب تک بھارتی حکومت ویزے دینے کی تحریری ضمانت نہیں دیتی، اس وقت تک بھارت میں کوئی بھی ایونٹ نہ کروایا جائے اور نہ مستقبل میں میزبانی دی جائے۔
انڈین سنوکر اینڈ بلیئرڈ کے سیکرٹری سبرامیینم نے ایونٹ منسوخ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ترجمان پاکستان سنوکر فیڈریشن کے مطابق اس ایونٹ میں محمد بلال، بابر مسیح اور حارث طاہر نے پاکستان کی نمائندگی کرنا تھی، اس کے ساتھ قطر میں مقیم احمد شیخ بھی پاکستانی نیشنل ہے جبکہ افغانستان کے جس کیوئسٹ نے اس میں شرکت کرنا ہے، اس کی پیدائش بھی پاکستان میں ہوئی، اس لیے انہیں ویزے ملنا ایک ایشو تھا جس کے بعد ایشین سنوکر نے یہ ایونٹ منسوخ کردیا ہے۔