281

مچھلی کا تیل دل کے دورے اور فالج کا خطرہ کم کرتا ہے

واشنگٹن — ایک نئی سائنسی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں امراض دل کے ماہر ڈاکٹر ایسے مریضوں کے لیے جنہیں دل کا دورے اور فالج کا خطرہ زیادہ ہو گا، ایک دوا خاص طور پر تجویزکیا کریں گے، جس کا نام ہے مچھلی کا تیل۔

مچھلی کے تیل میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ بھاری مقدار میں ہوتا ہے۔ یہ مرکب شریانوں کی بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

بڑی سطح پر کی جانے والی ایک طبی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ایک خاص دوا’ ویسکیپا‘ ان لوگوں میں شریانوں کے مرض کے خطرے کو تیزی سے کم کرتی جنہیں دل کی بیماری ہو یا جو ٹائپ ٹو کی شوگر کے مریض ہوں۔

یہ نتائج ان لوگوں کے لیے خاص طور پر اہمیت رکھتے ہیں جن کے خون میں ایک خاص قسم کی چربی کی مقدار زیادہ ہوتی جو دل پر حملے کے خطرے کا سبب بنتی ہے۔

نئی طبی تحقیق میں ماہرین نے اپنی توجہ ان لوگوں پر مرکوز رکھی جن کے خون میں کیسٹرول کی سطح تو کنٹرول میں تھی لیکن خون میں نقصان دہ چربیلے مادوں کی مقدار نمایاں طور پر زیادہ تھی۔

تحقیق کے دوران انہیں مچھلی کے تیل کی بھاری مقدار دی گئی جس سے ان کے خون میں شامل نقصان دہ چربیلے مادوں میں 25 فی صد تک کمی دیکھی گئی۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ تازہ تحقیق ان لوگوں کے لیے ایک اچھی خبر کی حیثیت رکھتی ہے جن کے خون میں نقصان دہ چربیلے مادے کثرت سے ہیں اور اس کے لیے انہیں کئی طرح کی ادویات کھانی پڑتی ہیں۔ لیکن اب وہ مچھلی کے تیل کے استعمال سے دل کے دورے اور فالج کے خطرے سے زیادہ بہتر طور پر محفوظ رہ سکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں