283

صحت سے متعلق مشورہ، ڈاکٹر گوگل کی خدمات حاضر ہیں

واشنگٹن — صحت کے مسائل کے جواب حاصل کرنے کے لیے متعدد امریکی ’ڈاکٹر گوگل‘ سے رابطہ کر رہے ہیں۔

گوگل سرچ انجن کا سہارا لے کر زیادہ تر لوگ بیماریوں کے بارے میں معلومات اور تفصیل جانتے ہیں۔

اس سوال کے جواب میں کہ لوگ انٹرنیٹ پر سے سے زیادہ کس مرض کی علامات کا پتا لگاتے ہیں، میڈیکیئر ہیلتھ پلانس کے نجی ادارے کے مطابق، اس کا جواب ہے: ’اسٹریس‘۔ ادارے نے کہا ہے کہ امریکہ کی ہر ریاست میں انٹرنیٹ پر علامات کی سب سے زیادہ سرچ اسٹریس (ذہنی دباؤ) کے بارے میں کی جاتی ہے۔

ذہنی دباؤ کی بیماری کے بارے میں جن ریاستوں سے سب سے زیادہ سوال پوچھے جاتے ہیں اُن میں کنیٹی کٹ، ڈلاویر، الی نوائے، آئیووا، کینساس، میساچیوسٹس، مِزوری، پینسلوانیا، اوریگن اور ورجینیا شامل ہیں۔

’امریکن سائکولوجیکل ایسو سی ایشن (اے پی اے)‘ کے مطابق، لوگوں کو طویل عرصے سے پیسے اور روزگار سے متعلق مسائل لاحق رہے ہیں، جن کے باعث اُنھیں ذہنی دباؤ کا سامنا رہتا ہے۔

اے پی اے کے ایک عوامی جائزے کے مطابق، 2016ء کے صدارتی انتخابات ذہنی دباؤ کا بہت بڑا سبب بنے، جس سے امریکیوں کی نصف آبادی، 52 فی صد متاثر ہوئی۔
’امریکن سائکولوجیکل ایسو سی ایشن‘ کے مطابق، دونوں اہم سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی بالغ آبادی کی اکثریت کا کہنا ہے کہ اُنھیں امریکہ کے مستقبل کے بارے میں پریشانی لاحق ہے۔

مزید برآں، ’میڈیکیئر ہیلتھ پلانس‘ نے بتایا ہے کہ دیگر بیماریاں جن پر وسیع تر دھیان مبذول ہوتا ہے، وہ ہیں فلو اور بخار۔

زکام، بند ناک اور بلغم کی علامات اور 2018ء کے دوران فلو کی علامات کا عارضہ ٹیکساس، فلوریڈا، نیو میکسیکو اور ورمونٹ کی ریاستوں کے لیے خاصی تشویش کا باعث بنا رہا۔

نیو یارک ریاست میں بے خوابی صحت کا اہم مسئلہ ہے، ’’جو شہر کبھی سوتا نہیں ہے‘‘۔ ساؤتھ کیرولینا اور وسکانسن کے لوگوں کو پیٹ کی بیماری پریشان کیے ہوئے ہے، جب کہ الاسکا کے لوگ خراٹے کے بارے میں معلومات میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

کچھ لوگ ایسے ہیں جو انٹرنیٹ پر اپنی سرچ میں پسینے اور ختنہ نہ ہونے کے غیر معمولی مسائل کا جواب جاننا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں