481

ہیپی نیو ائیر اور اسلام

اسلام میں نئے سال کی خوشی منانے کا کوئی شرعی حکم موجود نہیں ہے، لیکن صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نئے ہجری سال کی آمد پر ان الفاظ میں دعا مانگتے تھے۔

اللّٰهُمَّ أدْخِلْهُ عَلَیْنَا بِالأمْنِ وَ الإیْمَانِ، وَالسَّلَامَةِ وَالإسْلَامِ، وَرِضْوَانٍ مِّنَ الرَّحْمٰنِ وَجِوَازٍ مِّنَ الشَّیْطَانِ.

اے اللہ! اس نئے سال کو ہمارے اوپر امن و ایمان، سلامتی و اسلام اور اپنی رضامندی، نیز شیطان سے پناہ کے ساتھ داخل فرما۔

المعجم الاوسط للطبرانی 6: 221 حدیث: 6241 دارالحرمین قاہره

موجودہ دور میں تمام دنیا کے مسلمان ہجری کیلنڈر کی نسبت عیسوی کیلنڈر کے ساتھ زیادہ چلتے ہیں، ہجری کیلنڈر بہت محدود ہوگیا ہے اور عملی طور پر لوگ ہجری کیلنڈر کو سال میں صرف چند مواقع پر ہی فالو کرتے ہیں، جن میں محرم، ربیع اوّل، رمضان، عیدین اور حج کے مواقع شامل ہیں۔

تمام اسلامی دنیا کے ممالک عیسوی کیلنڈر کے حساب سے اپنے ملازمین کو تنخواہیں دیتے ہیں، یہاں تک کہ سعودی عرب جو کہ اسلامی کیلنڈر کو فالو کرتا ہے اس نے بھی دوسال پہلے تمام ملک میں تنخواؤں کے نظام کو عیسوی کیلنڈر کے ساتھ شفٹ کر دیا تھا، اسکی سادہ وجہ یہ تھی کہ اسلامی کیلنڈر میں 354 دن ہوتے ہیں، جبکہ عیسوی کیلنڈر میں 365 دن ہوتے ہیں اور ایسا کرنے سے سعودی عرب نے ہر ملازم کی تنخواہ سے سالانہ گیارہ دن کے پیسے بچا لئیے تھے۔

پاکستان میں تمام مولوی حضرات، علماء کرام اور تمام مذہبی طبقہ بھی اپنی تنخواہیں عیسوی کیلنڈر کے مطابق ہی لیتے ہیں، نوکری شروع کرنے کی تاریخ، پینشن کی تاریخ، یہاں تک کہ ہر انسان کی تاریخ پیدائش عیسوی کیلنڈر کے حساب سے ہی لکھی جاتی ہے۔ شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور تمام سرکاری دستاویزات پر بھی عیسوی کیلنڈر کے حساب سے تاریخیں درج ہوتی ہیں۔

یہ تمام تفصیل لکھنے کا مقصد یہ ہے کہ اب نیاء عیسوی سال شروع ہوگیا ہے اور لوگ ایک دوسرے کو نئے سال کی مبارکباد دے رہے ہیں، ایسے میں پاکستان میں موجود کچھ مذہبی حلقے اسے غیر اسلامی قرار دے کر اسکی مذمت کر رہے ہیں اور عیسوی کیلنڈر کو یہود ونصاریٰ سے جوڑ رہے ہیں، انکی خدمت میں عرض ہے کہ آپ سارا سال عیسوی کیلنڈر کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں اور سال کے آخر میں آپکو ہجری کیلنڈر یاد آ جاتا ہے، اگر آپ سال کے آخر یا شروع میں ہیپی نیو ائیر کہنے کو حرام سمجھتے ہیں تو آپکا سارا سال عیسوی کیلنڈر کے حساب سے تنخواہیں لینا بھی حرام ہے، مہربانی کریں اور اپنے ذہن کو وسیع کریں، اب دنیا گلوبل ولیج ہے، جو عیسوی کیلنڈر پر ہیپی نیو ائیر کہتا ہے اسے کہنے دیں اور جو ہجری کیلنڈر پر ہیپی نیو ائیر کہتا ہے اسے بھی کہنے دیں، مبارک باد کے پیغام پر وقت ضائع کرنے کی بجائے اپنے اصل مسائل پر توجہ دیں، آپکے اصل مسائل جھوٹ، بدیانتی، بےایمانی، عدم برداشت اور کرپشن ہیں، نہ کہ ہیپی نیو ائیر کہنا۔

نئے سال کے موقع پر چند شعرا کے سبق آموز اشعار

نہ کوئی رنج کا لمحہ کسی کے پاس آئے
خدا کرے کہ نیا سال سب کو راس آئے

نئے سال میں پچھلی نفرت بھلا دیں
چلو اپنی دنیا کو جنت بنا دیں

اب کے بار مل کے یوں سال نو منائیں گے
رنجشیں بھلا کر ہم نفرتیں مٹائیں گے

چہرے سے جھاڑ پچھلے برس کی کدورتیں
دیوار سے پرانا کلینڈر اتار دے

راقم عیسوی اور ہجری دونوں کیلنڈرز میں سال شروع ہونے کے موقع پر ہیپی نیوائیر کہنا جائز سمجھتا ہے لحاظہ میری طرف سے تمام دنیا کے انسانوں کو نیاء سال مبارک ہو۔

Happy New Year 
Gott Nytt år 
bonne année 
نیاء سال مبارک 
سال نو مبارک 
سنه جديده سعيده 

اپنا تبصرہ بھیجیں