تھائی لینڈ کے دارلحکومت بینکاک میں ایسا کافی کیفے کھل گیا ہے جہاں موت کا تین منٹ کا مزہ چکھایاجاتا ہے. بینکاک کے ایک کافی ریسٹورنٹ میں کافی پینے آنے والوں کے لئے تابوت رکھا گیا ہے جو اس میں لیٹ کر تین منٹ تک موت کا مزہ چکھ سکتے ہیں۔
کیفے میں اس تابوت کو میز اور کرسیوں کے قریب ہی رکھا گیا ہے، جو کسٹمر بھی اس میں لیٹنے کو تیار ہوتا ہے اسے اپنے جوتے اتار کر تابوت کے اندر بچھے نرم بچھونے پر سکون سے سیدھے لیٹنا ہوتا ہے جس کے بعد تابوت کا ڈھکن بند کر دیا جاتا ہے۔
ڈھکن بند ہو جانے کے بعد اندر لیٹا شخص اپنے آپ کو موت کی وادی میں جاتا محسوس کرتا ہے کیونکہ اندر اسےقبر جیسا اندھیرا اور ہوا کا کوئی گزر نہیں ملتا، اسے اپنی سانس رکتی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔
تابوت میں لیٹنے کا وقت بہت قلیل ہے مگر یہ تین منٹ بھی اس کو زندگی اور موت کی کشمک میں دھکیل دیتے ہیں۔
کیفے میں تابوت کی یہ تخلیق بینکاک کی ایک یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر کی ہے جو ایک تحقیقی مقالے پر کام کر رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ موت ایسا احساس ہے جس میں انسان کو اپنا خاندان، مال و اسباب کھوتا نظر آتا ہے، ایسا لگتا ہے اب کوئی نہیں ملے گا۔