Warning: Undefined array key "geoplugin_countryName" in /customers/9/f/a/urdunama.eu/httpd.www/wp-content/themes/upaper/functions.php on line 341
339

انٹرنیٹ آپکی پرائیویسی کا دُشمن

کیا آپ یہ چاہیں گے کہ کوئی نامعلوم شخص آپکے گھر کی دیواروں، دروازوں، چھت اور کھڑکیوں میں سوراخ کر کے آپکے گھر کے اندر ہونے والی تمام گفتگو آڈیو ویڈیو سمیت سن لے، اور دیکھ لے اور دن کے چوبیس گھنٹے، مہینے کے تیس دن یا سال کے بارہ مہینے ایسا کرتا رہے؟

اگر آپ ایسا نہیں چاہیں گے اور حقیقت میں کوئی بھی ایسا نہیں چاہے گا، تو آپ میری چند گزارشات غور سے پڑھیں اور ان پر عمل کرنے کی پوری پوری کوشش کریں۔ ہوسکتا ہے آپکو یہ تحریر بُور لگے یا آپ اس پر یقین نہ کریں، لیکن ایک آئی ٹی پروفیشنل ہوتے ہوئے میرا کام آپ کو خطرے سے خبردار کرنا ہے، تاکہ آپ پہلے سے اپنی حفاظتی تدابیر کرلیں۔

آپ کے گھر کے اندر موجود جتنی بھی کیمرے والی ڈیوائسز موجود ہیں انکے کیمرے پر ٹیپ لگا دیں، آپکے گھر میں موجود سمارٹ ٹی وی کا بھی ایک کیمرہ ہوتا ہے جو ٹی وی چلے نہ چلے آپکے گھر سے آڈیو ویڈیو ریکارڈنگ کر کے چوبیس گھنٹے لگاتار باہر براڈکاسٹ کرتا رہتا ہے اور کوئی اسے لیپ ٹاپ پر دنیا میں کہیں بھی بیٹھا دیکھ اور سن سکتا ہے، پہلی فرصت میں ٹی وی، ایکس باکس، پلے سٹیشن، آئی پیڈ، ٹیبلٹ، میک بک، لیپ ٹاپ، ہر قسم کے سمارٹ فون کے کیمروں پر تھوڑی تھوڑی ٹیپ لگا دیں، موبائل فونز کے سامنے والے کیمروں پر ٹیپ ضرور لگائیں، فون کے بیک کیمرہ پر اگر نہ بھی لگائیں تو گزارہ ہو جائے گا۔

ہیکرز آپکے گھر میں موجود انٹرنیٹ راؤٹر سے آپکے گھریلو نیٹ ورک میں داخل ہوتے ہیں اور ان تمام ڈیوائسز کا کنٹرول حاصل کر لیتے ہیں جو آپکے گھر میں انٹرنیٹ سے جُڑی ہوتی ہیں، اسکا حل یہ ہے کہ آپ مہنگے والا راؤٹر خریدیں، اسکے ڈیفالٹ آئی پی ایڈریس سے اسکے اندر لاگ ان ہوں، اور اسکا پاسورڈ تبدیل کر لیں، اسکی سیکیورٹی ہائی کر لیں، یہ کرنا بہت آسان ہے، آپ اس سلسلے میں یوٹیوب کی مدد لے سکتے ہیں یا کسی بھروسے والے بندے سے چینج کروا لیں، لیکن بھروسے والا بندہ بھی بعد میں ہیکنگ کی کہانی ڈال سکتا ہے، اسلئیے خود راؤٹر کا پاسورڈ اور سیکیورٹی تبدیل کرنے کیلئے بار بار یوٹیوب ویڈیوز دیکھیں، آپ کو اپنے گھر کی پرائیویسی برقرا رکھنے کیلئے یہ سب کچھ کرنا پڑھے گا۔

اپنے ہر قسم کے پاسورڈز ماہانہ بنیادوں پر تبدیل کرنے کی عادت ڈالیں، پاسورڈ مشکل رکھیں اور اس میں بڑے، چھوٹے الفاظ کے ساتھ ساتھ گنتی کے لفظ بھی لگائیں، اپنے موبائل فونز کی لوکیشن سروسز کو بند رکھیں، کبھی بھی کسی دوسرے کے موبائل یا کمپیوٹر پر اپنا ای میل اور سوشل میڈیا کے اکاؤنٹس لوگ ان نہ کریں، ہیکرز آپکے بنک کے نام کے بھی ای میل بنا کر آپکو ای میل کرسکتے ہیں اور آپکی انفارمیشن حاصل کرسکتے ہیں، کوشش کریں صرف اسی ای میل کا جواب دیں اور اسکے لنک کھولیں جنہیں آپ اچھی طرح سے جانتے ہیں۔

آپکے موبائل فون اور کمپیوٹر کے اندر پڑی ہوئی تصاویر اور ویڈیوز بالکل محفوظ نہیں ہیں، جو چیز ایک بار موبائل اور کمپیوٹر میں چلی گئی وہ کلاؤڈ کی مدد سے کہیں کی کہیں پہنچ سکتی ہے، آپکے ہاتھ میں موجود چھوٹا سا موبائل ایک بہت بڑا جاسوس ہے، اس سے بچیں اور اپنی پرائیویٹ تصاویر اور ویڈیوز اس میں نہ رکھیں۔ اپنے موبائل فون اور کمپیوٹر کے براؤزر سے پورنو اور دوسری فضول قسم کی ڈیٹنگ والی ویب سائیٹس نہ کھولیں، ہیکرز ان ویب سائیٹس کی مدد سے ٹروجن ہارس کی طرح کے ہیکنگ والے فضول پروگرام آپکے کمپیوٹر میں سیو کردیتے ہیں جو بعد میں آپکے براؤزر سے کھلنے والی ہر ویب سائیٹ پر نظر رکھنا شروع کردیتے ہیں، آپکو دھوکا دے کر آپکی ساری انفارمیشن چوری کر لیتے ہیں اور کہیں اور بھیج دیتے ہیں، جہاں سے آپکا کمپیوٹر ہیک ہوسکتا ہے، اور کچھ لوگ آپکو بلیک میل کر کے آپ سے پیسے بٹور سکتے ہیں، یا آپکے بنک اکاؤنٹ سے پیسے کہیں اور بھیج سکتے ہیں، ان پیسوں سے بِٹ کوائن جیسی ورچوئل کرنسی خرید سکتے ہیں۔

آجکل کے ڈیجیٹل چور یعنی ہیکرز آپ سے اصلی پیسوں کی بجائے ورچوئل کرنسی جیسا کہ بِٹ کوائن وغیرہ کی ڈیمانڈ کرتے ہیں اور انکے اپنے ڈیجیٹل ویلٹ ہوتے ہیں جہاں یہ بِٹ کوائن جمع ہوجاتے ہیں اور بعد میں بِک بھی جاتے ہیں، پولیس انہیں نہیں پکڑ سکتی، اسلئیے آپ نے اپنی حفاظت خود ہی کرنی ہے، میں نے چیدہ چیدہ نکات آپکی خدمت میں پیش کردئیے ہیں، آپ ان پر خود بھی عمل کریں اور اپنے جاننے والوں کو بھی اسکے بارے میں بتائیں اور اپنی اور اپنے جاننے والوں کی حفاظت یقینی بنائیں، اور راقم کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں شکریہ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں