امریکا اور چین میں جاری تجارتی کشیدگی نیا رخُ اختیار کرچکی ہے، امریکی صدرکی جانب سے چینی موبائل کمپنی ہواوے کو بلیک لسٹ کیے جانے کے بعد دونوں ممالک کی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے ایک دوسرے سے کاروباری معاہدے ختم کررکھے ہیں۔اس ضمن میں امریکی کمپنی فیس بک نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے ہواوے کو اپنی سروسز دینے سے انکار کرتے ہوئے مستقبل میں اپنی تمام ایپس کو ہواوے موبائل میں انسٹال کرنے پر پابندی لگادی ہے۔
ایکسپریس کے مطابق فیس بک اپنی ملکیت میں شامل سوشل میڈیا سائٹس انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سہولیات ہواوے کو فراہم نہیں کرے گا البتہ ایسے صارفین جو ہواوے فون استعمال کررہے ہیں وہ فیس بک اور اس کی دیگر ایپس بغیر کسی تعطل کے استعمال کرتے رہیں گے۔فیس بک نے ہواوے صارفین کو یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ مستقبل میں ہونے والی تمام اپیس کی اپ ڈیٹس باقاعدہ سے جاری رکھی جائیں گی۔ دوسری جانب ہواوے کمپنی نے فیس بک کے اس اقدام پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔