350

سویڈن،سٹاک ہوم میں احتجاج برائے اظہار یکجہتی کشمیر

ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن سویڈن چیپٹر نے 6 اکتوبر 2019 کوسہ پہر 2 بجے سویڈن کے شہر سٹاک ہوم میں سرگل توری کے مقام پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے  ایک بہت بڑے احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا، جس میں سویڈن میں رہنے والی انٹرنیشنل کمیونٹی کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی، ایک اندازے کے مطابق 500-600 کے قریب لوگوں نے اس احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی جس میں ترکی، شام، مراکش،بنگلہ دیش،اور افریقہ کے مسلمانوں اور مختلف بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شامل تھے۔ 
 
مظاہرین نے پاکستان اورکشمیر کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے جن پر بھارتی حکومت اور مودی کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر برطانیہ سے تشریف لائے لارڈ نذیر احمد، چوہدری پرویز اقبال لوسر چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ، جوہن گل مین اور دوسرے بہت سے نامور مقررین نے انڈین حکومت کے آرٹیکل 370 اور 35 اے ختم کرنے کے اقدام کی مذمت کی۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران مودی کی آر ایس ایس فاشسٹ حکومت کے دور میں جموں و کشمیر میں 13000 کے قریب نوجوان بچوں سمیت  ہزاروں لوکل کشمیر یوں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے اور بھارت نے مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔
مقررین نے مزید کہا کہ کشمیری عوام حق خود ارادیت مانگ رہے ہیں کوئی امداد یا خیرات نہیں۔ اقوام عالم کی کشمیر کی نازک صورت حال پر یہ خاموشی بھارت اور پاکستان کو جنگ کی طرف دھکیل رہی ہے۔ انہوں نے سویڈن کی حکومت، یوروپین یونین اور اقوام متحدہ سے فوری طور پر کشمیر کی موجودہ صورتحال میں مداخلت کرنے کی اپیل کی۔ مقررین نے سویڈن کی حکومت پر زور دیا کہ وہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں اٹھائے، تاکہ بھارتی حکومت کو مجبور کیا جا سکے کہ وہ فوری طور پر لاک ڈاؤن اور آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ختم کرے اور کشمریوں کو حق خودارادیت دے، جسکا اس نے اقوام متحدہ میں وعدہ کیا تھا۔
 لارڈ نذیر احمد
 پرویز اقبال لوہسر
چوہدری غلام محمد بھلی

اپنا تبصرہ بھیجیں