اگر کوئی جانتے بوجھتے ہوئے کہ کوا کالا ہے اور وہ کہے کہ نہیں کوا سفید ہے تو ایسے شخص کو دنیا کی کوئی دلیل قائل نہیں کر سکتی کیونکہ وہ جان بوجھ کر ایسی بات پر اڑ جاتا ہے جس کا کوئی جواز نہیں ہوتا کسی دور دراز کے گاوں کے کسی بچے کے سامنے بھی یہ بات رکھی جائے کہ طے شدہ امر کے مطابق اگر کوئی اسمبلی توڑ دی جائے تو لا محالہ 90 دنوں کے اندر انتخابات ضروری ہیں سپریم کورٹ کا ایک جج فیصلہ کرے تین کریں دس کریں یا سارے جج بیٹھ کر فیصلہ کر لیں لکھے ہوئےآئین سے تو کوئی باہر نہیں جاسکتا ساری دنیا کو پتہ ہے کہ میرٹ پر یہی فیصلہ ہونا تھا جو سامنے آیا ہے پی ڈی ایم کو بھی پتہ تھا کہ آئین اور قانون کی روح سے انتخابات کروانے کے سوا کوئی چارہ نہیں البتہ پوری قوم کی خواہش ضرور تھی کہ ایک ہی وقت میں پورے ملک میں الیکشن کروانے جائیں اس کے لیے اگر حکومت اپوزیشن کو بلوا کر کوئی تاریخ طے کر لیتی تو یہ آوٹ آف کورٹ سیٹلمنٹ ہو سکتی تھی یہ کوئی اتنا بڑا مسئلہ نہیں تھا لیکن جب نیت ہی الیکشن کروانے کی نہ ہو تو پھر مسائل پیدا کیے جاتے ہیں ایسے کام ہمارے جیسے ملکوں میں ہی ممکن ہیں جہاں جس کا زور چلے اس کے سارے جواز قابل قبول ہوتے ہیں حکومت جوں جوں انتخابات کے معاملے میں رو گردانی کرتی نظر آتی ہے عوام کی نظروں میں انتخابات سے بھاگتی ہوئی معلوم ہوتی ہے پاکستان میں لوگ ڈٹ کر کھڑے ہونے والے کے ساتھ کھڑے ہو جاتے ہیں حکومت عوام میں جانے کے سارے راستے معدوم کرتی جا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ انھوں نے آخری فیصلہ کر لیا ہے کہ آخر تک لڑیں گے چاہے اس کے لیے جتنا بھی گند پڑے پروا نہیں اب حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود الیکشن کروانے سے انکار کر دیا ہے اور میں نہ مانوں والی رٹ لگ رکھی ہے بیانیہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور تاثر دیا جا رہا ہے کہ انتخابات میں جانے کا فیصلہ عمران خان کو فیور دینے کے مترادف ہے حالانکہ ساری دنیا کو پتہ ہے کہ عمران خان نے پہلے اعلان کیا کہ فلاں تاریخ کو دونوں صوبائی اسمبلیاں توڑ دیں گے حکومت نے پوری کوشش کی کہ یہ اسمبلیاں نہ توڑی جائیں پھر کہا گیا کہ پنجاب میں چوہدری پرویز الہی کے پاس اکثریت نہیں انھیں اعتماد کا ووٹ لینا چاہیے تھا ارکان کو علم تھا کہ اسمبلی توڑنے کے لیے چوہدری پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لے رہے ہیں اس کے باوجود ارکان اسمبلی کی اکثریت نے انھیں ووٹ دیا اس کا مطلب یہ تھا کہ پنجاب اسمبلی کے اراکین کی مرضی ومنشا کے مطابق اسمبلی توڑی گئی پی ڈی ایم نے تحریک انصاف کے بعض اراکین توڑ کر بھی پرویز الہی کو اکثریت ثابت کرنے سے نہ روک سکے اگر آپ چوں چوں کا مربہ اکھٹا کر کے اکثریت ثابت کرکے وفاق میں حکومت بنا سکتے ہیں تو پنجاب میں اکثریت ثابت کرنے والوں کو یہ آئینی اختیار تھا کہ وہ اسمبلی توڑ دیں اب عدالتی حکم آنے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے شیڈول جاری ہونے کے باوجود حکومت کہہ رہی ہے کہ الیکشن نہیں ہوں گے عوام بھی سمجھتے ہیں کہ حکومت کی نیت الیکشن کروانے کی نہیں لیکن حکومت جن دلیلوں پر الیکشن سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے وہ دلائل بہت کمزور ہیں اور کمزور دلیلوں پر بنائے گئے بیانیے کارگر ثابت نہیں ہوتے اور جہاں دلائل نہ ہوں وہاں میں نہ مانوں بہترین حکمت عملی ہے موجودہ صورتحال میں حکومت کے پلے کھکھ نہیں رہا ایسے میں پارلیمنٹ کو عدلیہ کے سامنے کھڑا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ پہلے بھی قومی اسمبلی سے قرار داد پاس کی گئی تھی اب ایک اور قرار داد پاس کی جا رہی ہے لیکن اصل معاملہ یہ ہے کہ اس قرار داد کا کیا فائدہ قانون کا ادنی سا طالبعلم بھی جانتا ہے کہ ایسی قرار دادوں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں کالا باغ ڈیم کی تعمیر کی درجنوں قراردادیں پاس ہوئیں لیکن آپ کالا باغ ڈیم تو تعمیر نہ کر سکے کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر تو عمل نہ ہو سکا آپ کس طرح قومی اسمبلی کی قرار داد کے ذریعے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اثر انداز ہو لیں گے اس وقت ساری حکومت کو بس ایک ہی کام ہے کہ کسی طرح سپریم کورٹ کے فیصلہ کو متنازعہ بنا کر سیاسی فائدہ حاصل کیا جائے وزیر داخلہ کا فرمان ہے کہ کیا سپریم کورٹ ساری پارلیمنٹ کو توہین عدالت میں فارغ کر دے گی اس وقت حکومت سارے جوڑ توڑ چیف جسٹس آف پاکستان کو فارغ کرنے کے لیے کر رہی ہے عدلیہ کے ساتھ حکومت کی نئی لڑائی نے غیر یقینی میں مزید اضافہ کر دیا ہے ڈالر مہنگا ہو رہا ہے گولڈ کی قیمتوں میں اضافہ ہو چکا کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں گھنٹوں کے حساب سے اضافہ ہو رہا ہے پاکستان خطے کے تمام ممالک سے مہنگا ترین ملک بن چکا ہے لیکن ہم مزید عدم استحکام پیدا کر کے نہ جانے کس کا ایجنڈا پورا کر رہے ہیں
273