696

میری اوقات ہی کیا تھی کہ سراہا جاتا

ٹیڑھی میڑھی سی لکیروں کو سجا لائی ہے

یہ ہتھیلی بھی مِرے واسطے کیا لائی ہے

رقص کرتی ہوئی لَو سر پہ اٹھا لائی ہے

سر قلم کر کے چراغوں کے ہوا لائی ہے

میری اوقات ہی کیا تھی کہ سراہا جاتا

مجھ کو مسند پہ بزرگوں کی دعا لائی ہے

میں جو سردار نہ ہوتا تومیں مارا جاتا

میری دستار مِرے سر کو بچا لائی ہے

میں کسی اور کی سنتا ہی کہاں تھا مِرے عشق

مجھ کو اس دشت میں تیری ہی صدا لائی ہے

اب خدا جانتا ہے کس کا مقدر یہ بنے

تیری دہلیز تلک مجھ کو قضا لائی ہے

پہلے وہ حسن کو لفظوں میں بیاں کرتی رہی

بعد ازاں اپنی ہی تصویر اٹھا لائی ہے

خیمۂ خاک میں بیٹھا ہوں میں گم صم احمد

جستجو چاروں طرف مجھ کو گھما لائی ہے

احمد ساقی