284

کوئٹہ میں پولنگ اسٹیشن کے باہر دھماکہ، 28 افراد ہلاک

دھماکے کے ایک عینی شاہد عبدالصمد نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ دھماکہ پولنگ اسٹیشن کے باہر قائم سیاسی جماعتوں کے کیمپس کے نزدیک ہوا۔
کوئٹہ — کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر ایک پولنگ اسٹیشن کے باہر ہونے والے بم دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 28 ہوگئی ہے۔

ہمارے نمائندے عبدالستار کاکڑ کے مطابق دھماکہ تعمیرِ نو اسکول میں واقع پولنگ اسٹیشن کے باہر قائم سیاسی جماعتوں کے کیمپوں میں ہوا جس میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دھماکے کے وقت سی سی پی او کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے پولنگ اسٹیشن پہنچے تھے اور اپنی گاڑیوں سے اتر کر تھوڑا ہی آگے بڑھے تھے کہ دھماکہ ہوگیا۔

دھماکے کے ایک عینی شاہد عبدالصمد نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ دھماکہ پولنگ اسٹیشن کے باہر قائم سیاسی جماعتوں کے کیمپس کے نزدیک ہوا۔

پولنگ اسٹیشن کے باہر بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل)، بلوچستان عوامی پارٹی اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے کیمپس لگے ہوئے تھے اور ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں تینوں جماعتوں کے کارکنان شامل ہیں۔

عبدالصمد کے مطابق دھماکے کے فوری بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی تھی تاہم بعد میں وہاں جمع سیاسی کارکنوں نے نجی گاڑیوں میں دھماکے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

جائے واقعہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےسی سی پی او کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے دعویٰ کیا کہ دھماکے کا ہدف وہ اور ان کے ساتھ دورہ کرنے والے اعلیٰ پولیس افسران تھے۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں ان کے پانچ پولیس محافظ بھی شامل ہیں جب کہ قافلے میں شریک کئی پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

کوئٹہ سے ہمارے نمائندوں کے مطابق دھماکے کے زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے جہاں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں