Warning: Undefined array key "geoplugin_countryName" in /customers/9/f/a/urdunama.eu/httpd.www/wp-content/themes/upaper/functions.php on line 341
296

پاکستانی بلے بازوں کی دھواں دھار بیٹنگ، چوتھا ونڈے آٹھ وکٹوں سے جیت لیا۔

جوہانسبرگ کے میدان میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں شاہینوں نے پروٹیز کو چاروں شانے چت کرکے حساب چکتا کردیا۔ پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی ہے۔شاہینوں نے 165 رنز کا ہدف با آسانی ایک وکٹ کے نقصان پر 32 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا آخری اور فیصلہ کن ون ڈے میچ 30 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

اوپنر بلے باز امام الحق نے شاندار اننگز کھیلی اور نصف سنچری سکور کرکے نہ صرف پاکستان کی جیت کو آسان بنادیا بلکہ ناقدین کے منہ ایک بار پھر اپنی کارکردگی سے بند کردیے۔ امام الحق نے 71 رنز بنائے اور میچ برابر کرکے (164 رنز) آؤٹ ہوگئے۔ انہیں فیلوک وائیو نے آخری وننگ رن سکور کرنے سے پہلے ہی آؤٹ کردیا۔ ون ڈاؤن آنے والے بابر اعظم نے بھی امام الحق کا بھرپور ساتھ دیا اور 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ امام الحق کے آؤٹ ہونے پر محمد رضوان بیٹنگ کیلئے آئے اور انہوں نے آتے ہی چوکا مار کر پاکستان کو میچ جتوادیا۔

قبل ازیں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 164 رنز بنائے تھے۔ باﺅلنگ کے دوران شاہین پروٹیز پر ایسے جھپٹے جیسے باز اپنے شکار پر جھپٹتا ہے۔ گرین شرٹس کی شاندار باﺅلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوپاے۔ اوپنر ہاشم آملہ 59 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ کپتان فاف ڈوپلیسز 57 رنز بناسکے۔ پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے تباہ کن باﺅلنگ کے ذریعے جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن تہس نہس کرکے رکھ دی۔ انہوں نے 7 اوورز میں 35 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ محمد عامر اور عماد وسیم نے بھی ایک ایک شکار کیا۔

خیال رہے کہ چوتھے ون ڈے میچ میں پاکستان ٹیم کی کپتانی شعیب ملک کر رہے تھے۔ کپتان سرفراز احمد کو جنوبی افریقن کھلاڑی فیلوک وائیو کو ’ ابے کالے‘ کہنے پر آئی سی سی کی جانب سے 4 انٹرنیشنل میچز کی پابندی کا سامنا ہے۔ پی سی بی نے سرفراز احمد کو پاکستان بلالیا ہے جبکہ ان کی جگہ جنوبی افریقہ کے خلاف میچز کی کپتانی شعیب ملک اور وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری محمد رضوان ادا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں