333

سٹاک ہوم میں محفل میلاد مصطفی صلی الله علیه وسلم

سٹاک ہوم میں 21 جنوری بروز ہفتہ کو محفل میلاد مصطفی صلی اللہ وسلم منائی گئی۔ اس تقریب کا انعقاد کرنے والے جناب شفقت کھٹانہ صاحب تھے جو سٹاک ہوم میں ایک لاء فرم سے وابستہ ہیں اور ایسی تقریبات کرواتے رہتے ہیں۔ فیتیا سکول کا حال خواتین و حضرات سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا جب دن دو بجے تقریب کا آغاز کیا گیا۔ سٹیج سیکٹری کا منصب ایشین اردو سوسائٹی کے صدر اور نامور شاعر جمیل عالی صاحب کے پاس تھا 

جنھوں نے نہایت خوبصورت طریقے سے نبی پاک صلی اللہ وسلم کی خدمت میں اشعار پڑھ کر تقریب کا آغاز کیا۔

تلاوت قرآن پاک ناروے سے آئے ہوئے ہارون قیوم صاحب کے حصے میں آئی جنھوں نے بعد میں نبی پاک صلی اللہ وسلم کی شان میں نعتیں بھی پڑھیں۔ ہارون صاحب ناروے میں صدر نعت کونسل ہیں اور گولڈ میڈلسٹ بھی ہیں۔

اس کے بعد جناب ڈاکٹر عارف کسانہ صاحب نے میلاد مصطفی صلی اللہ وسلم پر ایک پرجوش تقریر قرآن پاک کی سورۂ مدثر کا حوالہ دے کر شروع کی اور جس میں اللہ خود نبی پاک صلی اللہ وسلم کو کہتے ہیں کہ آپ کپڑا لپیٹے ہوئے ہیں اور آپ کو چائیے کہ جو نور یعنی قرآن آپ کو دیا گیا ہے اسے ہدایت کے لئے سب تک پہنچائیں تاکہ لوگ گمراہی کی زندگی سے نکل سکیں۔ کسانہ صاحب نے دو انگریز مصنفوں کا حوالہ بھی دیا جنھوں نے سیرت رسول صلی اللہ وسلم پر کتابیں لکھیں جن میں تھامس کارلیل کی کتاب On Hero and Hero Worship ہے جسکا سویڈش میں ترجمہ بھی ہو چکا ہے اور دوسری ڈینیسن کی مشہور کتاب Emotion as the basis of civilization ہے۔

اسکے بعد فرانس سے آئے ہوئے مہمان خصوصی جناب علامہ حسن میر قادری صاحب کا خطاب شروع ہوا۔ قادری صاحب فرانس میں ادرارہ منہاج القرآن کے ڈائریکٹر اور یوروپین علماء کونسل کے صدر بھی ہیں۔ علامہ حسن قادری صاحب نے جناب طاہرالقادری صاحب کی طرح ہی لباس اور ٹوپی ذیب تن کی ہوئی تھی اور دور سے انہیں دیکھ کر جناب طاہرالقادری صاحب کا ہی گمان ہوتا تھا۔

علامہ صاحب نے نہایت پرجوش طریقے سے میلاد مصطفی صلی اللہ وسلم پر بات شروع کی اور حاضرین محفل کو پہلے دنیاوی مثالیں دیں کہ کیسے ہم اپنی اولاد اور دوستوں کو دیکھ کر خوش ہوتے ہیں اور انکی ہر بات مانتے ہیں حالانکہ یہ صرف جسمانی رشتے ہیں مگر نبی پاک صلی اللہ وسلم سے ہمارا روحانی رشتہ ہے اور ہمیں انکی بات اس سے بھی زیادہ ماننی چائیے اور انہیں سکون پہچانے کے لئے ہمیں انکی سیرت پر چلنا چائیے اور جیسے وہ سب کے حقوق کا خیال رکھتے تھے ہمیں بھی رکھنا چاہئیے۔

آخر میں صدر محفل جناب پیر سید ذوالفقار حسین صاحب نے خطاب کیا۔ پیر صاحب سٹاک ہوم میں ہی رہتے ہیں اور یہاں انکے مریدین کا کافی حلقہ احباب ہے۔

اس پاک محفل میں سویڈن میں پاکستانی کمیونیٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ محفل کے آخر میں کھانے پینے کا وافر مقدار میں بندوبست تھا اور خواتین و حضرات نے کھانے کے ساتھ ساتھ آپس میں گھل مل کر دوستوں اور جاننے والوں سے دلچسپ گفتگو بھی کی۔ اور گروپس کی شکل میں یہ لمحات کیمرے میں محفوظ کیے گئے۔ ذیل میں سامعین کے لیے کچھ تصویریں حاضر خدمت ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں