کولمبیا میں میاں بیوی پچھلے 22 سال سے گٹر میں رہ رہے ہیں۔ وہ مختلف تہواروں پر اپنے گھر کو سجاتے بھی ہیں اور انکے پاس ایک بلیکی نام کا کتا بھی ہے جو انکی غیر موجودگی میں انکے گھر کی حفاظت بھی کرتا ہے۔
دنیا میں دو طرح کے لوگ ہوتے ہیں ایک وہ جنکو بہت کچھ ملا ہوتا ہے مگر وہ پھر بھی مایوس زندگی گزار رہے ہوتے ہیں دوسرے وہ جنکے پاس کچھ نہیں ہوتا تب بھی وہ خوش زندگی گزار رہے ہوتے ہیں۔ کولمبیا کی ماریا اور میگوئل پچھلے 22 سال سے گٹر میں رہنے کے باوجود خوش زندگی گزار رہے ہیں۔
ماریا اور میگوئل دونوں ہیروئن کے عادی نشئی تھے اور کولمبیا کے قصبے میڈیلن میں رہتے تھے جو تشدد اور منشیات کے لئے مشہور جگہ تھی۔ وہ گلیوں میں سوتے تھے اور منشیات نے انکی زندگیاں تباہ کر دی تھیں۔
یہ وہ وقت تھا جب انتہائی مایوسی اور بربادی کے عالم میں انہوں نے ایک دوسرے کے ساتھ کو محسوس کیا اور منشیات بھری زندگی سے نکلنے کا فیصلہ کر لیا۔ جب دونوں کے خاندانوں اور دوستوں نے انکی مالی یا رہائش دینے کی مدد نہ کی تو دونوں نے گٹر میں رہنے کا فیصلہ کر لیا۔ انہوں نے منشیات سے ہمیشہ کے لئے توبہ کی اور اپنی زندگیوں کو مثبت طریقے سے تبدیل کر لیا۔