سویڈش شہر سٹاک ہوم میں 2,000 سے زیادہ فوجی جنگجو اس وقت نہ صرف ایک وسیع فوجی مشق کا منظر پیش کررہے ہیں بلکہ جنگ جیسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تربیت بھی حاصل کر رہے ہیں۔ یہ مشقیں جو پورے ویک اینڈ پر چلتی رہی ہیں، اس میں پیشہ ور فوجی اور ہوم گارڈز دونوں نے بھرپور طریقے سے حصہ لیا ہے۔
مسلح افواج کا فوکس پانی کی فراہمی، بجلی کے گرڈ اور نقل و حمل جیسے اہم بنیادی ڈھانچے کو محفوظ بنانے جیسا اہم کام ہے جو کہ بحرانی صورت حال میں کام کرنا چاہیے۔ سویڈش اخبار SVT Nyheter کی رپورٹ کے مطابق، سپاہیوں کو سٹاک ہوم کاؤنٹی کے تمام اسٹریٹجک مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔ ان مشقوں میں حصہ لینے والے فوجیوں میں لائف بٹالین بھی شامل ہے جو سویڈش قیادت کی حفاظت کرتی ہے اور جسکا کام جنگ کے خطرے کی صورت میں حکومت، پارلیمنٹ اور شاہی خاندان کا دفاع کرنا ہے۔ ویک اینڈ کے دوران انہیں گسٹاف ایڈولف اسکوائر اور رکس ڈیگ کوارٹرز میں مختلف مشقوں کیلئے تعینات کیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ کرنل اور لائف بٹالین کے کمانڈر پیٹر کیہل نے کہا ہے کہ یہاں آپ دفاعی مشق برگر جارل کا حصہ دیکھیں گے جس میں ملکی مسلح افواج اور دیگر حکام کسی بھی ممکنہ بحرانی منظر نامے کو کنٹرول کرنے کی مشقیں کریں گے۔ سردی اور برفباری کے باوجود، فوجیوں کو زندہ رہنے اور اپنے مشن کو براہ راست اپنی پوسٹوں سے انجام دینے کے قابل ہونا چاہیے۔ اس کے لیے مختلف اکائیوں اور حکام کے درمیان موثر تعاون کی ضرورت ہے، جو مشق کے مقصد کا ایک مرکزی حصہ بھی ہے۔ یہ مشق پیر کی سہ پہر کو ختم ہو جائے گی، لیکن اس وقت تک آپ سٹاک ہوم شہر کے ارد گرد مسلح فوجیوں کو دیکھنے کی توقع کر سکتے ہیں۔ یہ ایک پریشان کن وقت میں سویڈن کی بڑھتی ہوئی دفاعی صلاحیتوں کی واضح علامت ہے۔





