282

دوسرا ون ڈے: پاکستان نے زمبابوے کو 9 وکٹوں سے ہرادیا

دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان نے یکطرفہ مقابلے کے بعد زمبابوے کو 9 وکٹوں سے ہراکر سیریز میں دو۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔ فخر زمان نے شاندار سنچری اسکور کی۔

پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی کے باعث زمبابوے کی ٹیم نے جیت کے لئے 195 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے 119 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ دونوں بیٹسمینوں نے حریف بولرز کے خلاف وکٹ کے چاروں اطراف بھرپور اسٹروکس کھیلے۔ امام الحق 44 رنز کی اننگز کھیل کر رن لیتے ہوئے اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

فخرزمان نے نئے آنے والے بیٹسمین بابر اعظم کے ساتھ مل کر فتح کی جانب سفر جاری رکھا اور ناقابل شکست 117 رنز کی اننگز کھیلی جو ایک روزہ میچوں میں اُن کی دوسری سنچری اور سب سے زیادہ انفرادی اسکور ہے۔فخرزمان نے جون 2017ء میں بھارت کے خلاف اوول میں 114 رنز بنائے تھے۔

دونوں بیٹسمینوں نے مزید کوئی وکٹ گنوائے 36 اوور میں ہدف پورا کرکے ٹیم کو پانچ میچوں کی سیریز میں دو۔صفر کی برتری دلا دی۔ پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 201 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔

فخرزمان عمدہ بیٹنگ کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے 117 اور بابر اعظم 29 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ پہلے ایک روزہ میچ میں فخر زمان نے 60 رنز بنائے تھے۔

شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر فخرزمان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس قبل زمبابوے کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49 اعشاریہ دو اوورز میں 194 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی تھی۔

پاکستانی بولرز خصوصاً عثمان خان کی نپی تلی بولنگ کے آگے زمبابوے کا کوئی بھی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا، صرف کپتان مساکادزا نے 58 اور پیٹر مور نے 50رنز کے ساتھ مزاحمت کی اور ٹیم کا اسکور 194 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

عثمان خان شنواری نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور زمبابوے کے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حسن علی نے تین اور شعیب ملک نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کا اگلا میچ بدھ کو کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں