314

صومالیہ: امریکی فضائی حملے میں 60 عسکریت پسند ہلاک

امریکی فوج نے کہا ہے کہ اس نے جمعے کے روز وسطی صومالیہ کے ایک قصبے ہراردیری کے قریب فضائی حملوں میں الشباب کے 60 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔

منگل کے روز امریکہ کی افریقی کمانڈ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ صومالیہ کی حکومت کے تعاون سے کیا گیا۔

بیان کے مطابق فضائی حملے میں اب تک کے اندازوں کے مطابق تقریباً 60 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

یہ فضائی حملے پچھلے سال نومبر کے بعد سے الشاب کے خلاف سب سے بڑی کارروائی تھی۔ نومبر کے حملے میں اسلام پسند عسکری گروپ کے 100 کے لگ بھگ جنگجو مارے گئے تھے۔

افریقہ کی امریکی کمانڈ نے کہا ہے کہ 12 اکتوبر کی اس کارروائی کے دوران کسی عام شہری کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

الشباب نے ابھی تک فضائی حملے یا ہلاکتوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

ایک صومالی عہدے دار کا کہنا ہے کہ یہ حملہ جول نامی دیہات کے نزدیک ہوا جو ہراردیری سے تقریباً 20 کلومیٹر جنوب مغرب میں ہے۔ عہدے دار نے، جس نے اپنا نام پوشیدہ رکھنے کی درخواست کی، بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 117 ہے۔

عہدے دار نے بتایا کہ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا جب عسکریت پسند ایک کیمپ میں جمع تھے اور ہیران اور وسطی شبلی کے علاقوں میں جانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جہاں انہیں مقامی آبادیوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں