261

تھائی لینڈ کے 58 سالہ شخص کی 120 بیویاں۔

تھائی لینڈ: تھائی لینڈ میں ایک سے زائد شادیاں کرنا غیرقانونی ہے لیکن اس کے باوجود ایک تعمیراتی ٹھیکیدار نے نہ صرف 120 شادیاں کی ہیں بلکہ ان کے 28 بچے بھی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تمام بیویاں اس بات سے واقف ہیں اور خوش و مطمئن ہیں۔
تامبون پرسرت بینکاک سے 90 کلومیٹر دور ضلع فرومنی میں اپنے علاقے کے سربراہ ہیں اور اب صحافیوں کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ وہ مجموعی طور پر 100 سے زائد خواتین سے شادیاں کرچکے ہیں۔ 58 سالہ تامبون پرسرت ایک کامیاب بلڈر ہیں اور انہوں نے میڈیا نمائندوں کو اپنے گھر بلاکرایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کے 28 بیٹے بیٹیاں اور 120 بیویاں ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ اس میں ایک طویل عرصہ لگا ہے اور انہوں نے 17 برس کی عمر میں پہلی شادی کی تھی اور ان کی پہلی بیوی ان سے عمر میں ایک دوبرس چھوٹی تھی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کی بیگمات کی اکثریت 20 سال کے آس پاس ہے کیونکہ بڑی عمر کی خواتین بہت بحث کرتی ہیں۔
تامبون نے اعتراف کیا کہ ان کا کنسٹرکشن کا کام جیسے جیسے پھیلتا گیا ان کی غیرمعمولی عادت بن گئی کہ جہاں بھی وہ گھر بناتے وہاں ایک گھر اپنے لیے بناتے اور اپنی نئی دلہن کو وہ گھر دیتے۔ اس طرح جہاں جہاں انہوں نے عمارتیں بنائیں وہاں اپنا گھر بھی بنایا اور نئی بیوی کو وہاں جگہ دی۔ تامبون کے مطابق وہ اپنی تمام بیویوں سے محبت رکھتے ہیں اور وہ بھی ان کی شادیوں سے واقف ہونے کے باوجود ان سے محبت رکھتی ہیں۔
ہر لڑکی کو شادی کا پیغام دیتے وقت وہ اسے اپنی دوسری بیویوں کے بارے میں ضرور بتاتے ہیں اور اس سے بھی شادی کرنے کے بعد مزید شادی کا عندیہ بھی دے دیتے ہیں۔ ان کی 22 بیویاں فرومنی ضلعے میں مقیم ہیں اور باقی پورے تھائی لینڈ میں موجود ہیں۔
تامبون پرسرت کا دعویٰ ہے کہ ان کی بیگمات نہ ہی آپس میں جھگڑتی ہیں اور اور نہ ہی ان سے جرح کرتی ہیں ۔ گویا سب نے صورتحال کو قبول کرلیا ہے۔ ’میں ان سب کی قدر اور احترام کرتا ہوں اور ان کے والدین سے لڑکی کا ہاتھ مانگتا ہوں اور باقاعدہ انداز میں یہ شادیاں ہوتی ہیں جن میں تمام رسومات ادا کی جاتی ہیں۔‘
پرسرت کے مطابق 120 بیویوں اور بچوں کو سنبھالنا ان کے لیے کوئی مشکل نہیں، وہ اپنی بیگم کے اہلِ خانہ کو بھی تمام سہولیات فراہم کرتے ہیں۔ اگر کسی بیوی کے پاس گھر نہ ہوتو وہ اسے مکان سے لے کر گھر کی ہرشے فراہم کرتے ہیں اور انہیں خوش رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ان کی سب سے آخری بیوی کا نیم فون ہیں جن کی عمر 27 برس ہے۔ تاہم اب تک یہ معلوم نہ ہوسکا کہ انہیں غیرقانونی شادیوں پر کسی قانونی کارروائی کا سامنا ہوا ہے یا نہیں۔ تاہم ان کی آخری دلہن ان کے ساتھ پریس کانفرنس میں موجود تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں